لاہور میں جاری آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان نے دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے سکاٹ لینڈ ویمنز ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جانے والا میچ بارش سے متاثر ہو کر تاخیر سے شروع ہوا جب کہ میچ کے اوورز میں 50 سے کم کر کے 32 تک محدود کر دیئے گئے تھے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 32 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر186 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثناء نے 5 اوورز میں 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھجوایا۔ سعدیہ اقبال نے 7 اوورز میں 43 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نشرہ سندھو نے 7 اوورز میں 31 رنز دے کر ایک اور ڈیانا بیگ نے 4 اوورز میں 31 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سکاٹ لینڈ کی کپتان کتھیرائن برائس نے 96 بالز پر 91 رنز کی اننگ کھیلی۔ علیشا لیسٹر نے 24 بالز پر 31 جبکہ سارہ برائس نے 25 بالز پر 21 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے 31 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 186 کا ہدف حاصل کر لیا۔ منیبہ علی اور عالیہ ریاض کی ذمہ دارانہ اور دھواں دھار بیٹنگ کی۔ عالیہ ریاض نے 70 گیندوں پر 68 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔ منیبہ علی 72 گیندوں پر 71 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں۔ سدرہ نواز نے 11 بالز پر 14 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں، فاطمہ ثناء 7، گل فیروزہ 2 اور سدرہ امین 7 رنز بنا سکیں۔