ایپل نے ٹیرف لگنے سے پہلے 1.5 ملین آئی فونز انڈیا کے راستے نکال لیے تھے، انکشاف

ایپل نے ٹیرف لگنے سے پہلے 1.5 ملین آئی فونز انڈیا کے راستے نکال لیے تھے، انکشاف
جمعه 11 اپریل 2025 04:16

برطانیہ کے خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ٹرف سے نافذ کیے گئے ٹیرف سے بچنے کے لیے  ایپل نے 600 ٹن کے قریب آئی فونز انڈیا کے راستے چار چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے امریکہ بھیجے ہیں۔

چین پر بھاری ٹیرف کے نفاذ کے بعد تجزیہ کارون کا کہنا تھا کہ امریکہ میں آئی فون کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ متوقع ہے کیونکہ امریکہ ایپل مصنوعات کی ایک بڑی مارکیٹ ہے اور ایپل کی مصنوعات کا زیادہ تر انحصار چین سے درآمدات پر ہے۔

روئٹرز کے مطابق ایپل کے پلاننگ سے منسلک ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ کمپنی ٹیرف سے بچنا چاہتی تھی جس کے لیے انہوں نے انڈین ائیرپورٹ حکام سے لابنگ کرتے ہوئے چنئی ایئرپورٹ کا کسٹم کلیئرنس ٹائم 30 گھنٹے سے کم کروا کے صرف 6 گھنٹے کر دیا۔

اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ مارچ سے لے کر اب تک 100 ٹن کی گنجائش والے تقریباً 6 گارگو جیٹ طیارے انڈیا سے باہر جا چکے ہیں۔ آئی فون 14 اور اس کی چارجنگ کیبل کا پیک شدہ وزن تقریباً 350 گرام ہوتا ہے اور اس حساب سے 600 ٹن کل کارگو میں تقریباً 1.5 ملین آئی فون شامل رہے ہوں گے۔

ایپل دنیا بھر میں ایک سال میں 220 ملین سے زیادہ آئی فونز فروخت کرتا ہے، کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے اندازے کے مطابق امریکہ میں آئی فون کی کل درآمدات کا پانچواں حصہ اب انڈیا سے آتا ہے اور باقی چین سے۔

ٹرمپ نے چین پر امریکی ٹیرف میں مسلسل اضافہ کیا جو بدھ تک 125 فیصد تک پہنچ گیا ہے، اس سے پہلے یہ 54 فیصد تھا۔

54% ٹیرف کی شرح پر روزنبلاٹ سکیورٹیز کے تجزیہ کاروں نے کہا تھا کہ اگر ٹیرفس سے بڑھنے والے اخراجات کا بوجھ ایپل اپنے صارفین تک منتقل کرے تو 799 ڈالر کا آئی فون 16 1142 ڈالر اور 1599 ڈالر کا آئی فون 16 پرو میکس ون ٹیرا بائٹ 2300 ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔

 

GREEN CITIZEN MEDIA