غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ طے، اتوار سے عمل شروع ہوگا

غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ طے، اتوار سے عمل شروع ہوگا
جمعرات 16 جنوری 2025 05:24

قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اعلان کیا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد اتوار سے ہوگا جس کے بعد 15 ماہ سے جاری جنگ ختم ہوجائے گی۔

قطر کے وزیر اعظم نے دوحہ میں اعلان کیا کہ حماس اور اسرائیل جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں 33 یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل تین امریکی اور ایک حماس کے عہدیدار نے تصدیق کی کہ معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے آفس کا کہنا ہے کہ معاہدے کی حتمی جزئیات طے کی جارہی ہیں۔

نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’امید ہے معاہدے کی جزئیات کو آج رات ختمی شکل دی جائے گی۔‘

معاہدے کے ساتھ ہی غزہ میں 15 مہینے سے جاری جنگ ختم ہو جائے گی۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کئی ہفتوں پر محیط تکلیف دہ مذاکرات کے بعد ہونے والے معاہدے کے مطابق حماس درجنوں اسرائیلی یرغمال افراد کو رہا کرے گا جس کے بدلے میں اسرائیل سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو چھوڑے گا۔

معاہدے کے مطابق غزہ جنگ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں کو واپس آئیں گے۔ 

جنگ بندی معاہدے کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی کابینہ کی منظوری درکار ہو گی تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

معاہدے کے بعد فوری طور پر چھ ہفتوں کی جنگ بندی ہو گی جس کے دوران جنگ کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

قطری وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ’ یہ معاہدہ لڑائی کے مستقل خاتمے کی راہ ہموار کرے گا۔‘

ان کا کہنا تھا’ ثالثی کرنے والے تینوں ممالک قاہرہ میں قائم ایک باڈی کے ذریعے جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کریں گے۔‘‘

GREEN CITIZEN MEDIA